بھٹکل 5/اگست (ایس او نیوز) انکولہ کے بیلیکیرے سمندر میں ماہی گیری کرکے واپس لوٹنے کے دوران اونچی اُٹھتی سمندری لہروں کی زد میں آکر بوٹ کے اُلٹ جانے سے بوٹ پر سوارتمام چھ ماہی گیروں کے جان کے لالے پڑ گئے تھے، مگر دو گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد دوسری بوٹ پر سوار کرکے تمام چھ ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔ حادثہ جمعرات دوپہر کو پیش آیا تھا، مگر تمام ماہی گیروں کو کنارے لانے تک شام قریب سات بج گئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ کمٹہ تعلقہ کے گوکرن کے تڈری بندرگاہ سے شانتیکا پرمیشوری نامی بوٹ پرسوار ہوکر چھ ماہی گیر آج جمعرات صبح مچھلیوں کے شکار کے لئے نکلے تھے، شنکر ہری کانتا کی یہ بوٹ دوپہر کو مچھلیوں کا شکار کرکے واپس لوٹ رہی تھی کہ انکولہ تعلقہ کے بلیکیرے نامی بندرگاہ کے قریب اونچی اُٹھتی لہروں کی زد میں آگئی اور بوٹ اُلٹ گئی۔ فوری طور پر ایک بوٹ ان کی مدد کو پہنچ گئی، مگر سمندر میں بہت تیز اُٹھتی موجوں کی وجہ سے ان کو بچانا مشکل ہوگیا ۔ مگر قریب دوگھنٹوں کے آپریشن کے بعد تمام چھ ماہی گیروں کو بوٹ پر سوار کرکے بچالیا گیا اور کاروار کے مُدگا بندرگاہ لایا گیا۔
خیال رہے کہ تدری بندرگاہ کمٹہ تعلقہ میں واقع ہے، یہ بھٹکل سے قریب 85 کلو میٹر دور ہے جبکہ کاروار کا مُدگا بندرگاہ بھٹکل سے 128 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔